
امیرِ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان، قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ سفاکانہ کارروائیاں پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہیں، جنہیں پوری قوم یکجہتی کے ساتھ ناکام بنائے گی۔ وطنِ عزیز کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں، اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، افواجِ پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات قابلِ قدر ہیں، اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن کے قیام کی جدوجہد جاری ہے۔