
امیرِ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان، قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے پاکستان میں مملکتِ سعودی عرب کے سابق سفیر نواف بن سعید المالکی حفظہ اللہ کی شاندار سفارتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے دورِ سفارت میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم اور ہمہ جہت بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نواف بن سعید المالکی حفظہ اللہ نے نہ صرف دونوں ممالک کے حکومتی تعلقات کو نئی وسعت دی بلکہ عوامی روابط، دینی تعاون، باہمی اعتماد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کو بھی فروغ دینے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی سفارتی بصیرت، خوش اخلاقی اور پاکستان سے محبت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اہم قومی اور بین الاقوامی حالات، قدرتی آفات بالخصوص تباہ کن سیلاب اور دیگر مشکل مواقع پر سابق سعودی سفیر نے سعودی قیادت کے تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر پاکستانی قوم ہمیشہ ان کی شکر گزار رہے گی۔ ان کی کاوشوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اعتماد اور اخوت کے رشتے کو مزید مضبوط کیا۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے کہا کہ پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ اسلامی اخوت، مشترکہ عقیدے، باہمی احترام اور تاریخی اعتماد پر مبنی ہیں۔ عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، جبکہ ان تعلقات کے استحکام میں سفارتی حلقوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے سعودی سفیر ان شاندار سفارتی روایات کو مزید آگے بڑھائیں گے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔