
قائدِ ملتِ سلفیہ، امیرِ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے پاکستان اور ریاستِ کویت کے درمیان دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے نہایت اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات باہمی اعتماد، اسلامی اخوت، احترام اور دیرینہ دوستی پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ خیر سگالی، تعاون اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے، اور یہ دفاعی معاہدہ ان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات میں اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے معاہدے نہ صرف مشترکہ سلامتی کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ کویت کی اس مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید فروغ دیں گے، جس سے دونوں اقوام کو فائدہ پہنچے گا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو تقویت ملے گی۔