
قائدِ ملتِ سلفیہ، امیرِ مرکزی جمعیت اہلِ حدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہِ راست اثرات اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور روزمرہ استعمال کی ہر چیز پر مرتب ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہو جاتا ہے۔ موجودہ حالات میں عام آدمی پہلے ہی شدید معاشی مشکلات، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں مزید بوجھ ڈالنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو ریلیف فراہم کرنا، بنیادی ضروریاتِ زندگی کو ان کی دسترس میں رکھنا اور معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ عوام کی مشکلات میں اضافہ کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، اور معاشی پالیسیاں عوامی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی جانی چاہییں۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں، اور غریب، مزدور، کسان، ملازمین اور متوسط طبقے کو حقیقی اور فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی ترقی اور معاشی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب عوام کو سہولت، معاشی تحفظ اور بنیادی ضروریات میسر ہوں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے ایسے فیصلے کرے جو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد اور عام شہری کی فلاح کے ضامن ہوں۔