
قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اور مجاہدِ انتھک مولانا عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ نے محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم، بالخصوص حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں توہین آمیز اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی مذموم حرکتیں امتِ مسلمہ کے دینی جذبات کو مجروح کرنے، فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے اور معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔
قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا احترام و محبت اہلِ ایمان کے عقیدہ کا بنیادی جزو ہے۔ ان مقدس ہستیوں کی عزت و توقیر ہر مسلمان پر لازم ہے، لہٰذا ان کی شان میں گستاخی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود ایسے شرپسند عناصر کے خلاف اب تک کوئی مؤثر اور نمایاں قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث اہلِ سنت کے حلقوں میں شدید غم و غصہ اور تشویش پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی مقدسات کے احترام کو یقینی بنائے اور ایسے افراد کے خلاف بلاامتیاز قانون کے مطابق کارروائی کرے جو نفرت، اشتعال انگیزی یا مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے مرتکب ہوں۔ قانون کی مؤثر عملداری ہی معاشرے میں امن، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
قائدین نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ داخلہ، متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر کرائم کے ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کی فوری نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی یا اشتعال انگیزی کی جسارت نہ کر سکے۔
آخر میں انہوں نے تمام اہلِ سنت، علماء کرام اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ امن، صبر اور قانون کی پاسداری کو ملحوظ رکھتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ امتِ مسلمہ کو فتنوں سے محفوظ رکھے، باہمی اخوت و اتفاق عطا فرمائے، اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سچی محبت پر ہمیشہ قائم رکھے۔ آمین