logo

ہمارے بارے میں

منہج سلف پر قرآن وحدیث کی تبلیغ واشاعت کی علمبردار - مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان

فالو کریں

مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی سیالکوٹ کی 20ویں عظمتِ صحابہ و شانِ اہلِ بیت کانفرنس کی شاندار کامیابی پر قائدین کا اظہارِ مسرت و مبارکباد

جماعتی خبریں

مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی سیالکوٹ کی 20ویں عظمتِ صحابہ و شانِ اہلِ بیت کانفرنس کی شاندار کامیابی پر قائدین کا اظہارِ مسرت و مبارکباد

featuredImage

مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی عظیم الشان 20ویں سالانہ عظمتِ صحابہ و شانِ اہلِ بیت کانفرنس (رضوان اللہ علیہم اجمعین) اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، عوام الناس کے بھرپور تعاون، کارکنان کی شبانہ روز محنت اور منتظمین کی بہترین منصوبہ بندی کے باعث نہایت شاندار، منظم اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس میں علماء کرام، مشائخ عظام، دینی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظمت، محبت اور ان کے روشن کردار کو اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اور مجاہدِ انتھک علامہ عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے محترم جناب شفیق الرحمن علوی حفظہ اللہ، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی سیالکوٹ اور محترم حافظ فیصل افضل شیخ حفظہ اللہ، ناظم مالیات مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سمیت کانفرنس کی انتظامیہ، معاونین، کارکنان، رضاکاران اور تمام تعاون کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی۔

قائدین نے اپنے پیغام میں کہا کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اور اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت، توقیر اور اتباع امتِ مسلمہ کے ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ ایسے بابرکت اجتماعات نہ صرف نسلِ نو کے ایمان و عقیدہ کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ امتِ مسلمہ میں اتحاد، اخوت، اعتدال اور دینی شعور کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کانفرنس میں پیش کیے گئے علمی و فکری خطابات نے حاضرین کے دلوں میں صحابۂ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار کی محبت کو مزید راسخ کیا اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر مضبوطی سے قائم رہنے کا جذبہ پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہمیشہ سے کتاب و سنت کی دعوت، عقیدۂ صحیحہ کے فروغ، اتحادِ امت اور اسلافِ امت کے منہج کی ترویج کے لیے سرگرمِ عمل رہی ہے۔ سٹی سیالکوٹ کی تنظیم نے مسلسل بیس برس تک اس عظیم دینی روایت کو کامیابی کے ساتھ برقرار رکھ کر قابلِ تحسین خدمت انجام دی ہے، جو یقیناً اجرِ عظیم کی مستحق ہے۔

قائدین نے کانفرنس کے منتظمین کی بہترین انتظامی صلاحیتوں، نظم و ضبط، مہمان نوازی اور کارکنان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیاب پروگرام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ جب اخلاص، اتحاد اور منظم جدوجہد یکجا ہو جائیں تو اللہ تعالیٰ غیر معمولی برکتیں عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت اس عظیم دینی کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، تمام منتظمین، معاونین، مقررین، شرکاء اور خدمت انجام دینے والے ہر فرد کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے، مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی سیالکوٹ کو مزید ترقی، استحکام اور دینی خدمات کی توفیق دے، اور آئندہ بھی ایسے ایمان افروز اجتماعات کے ذریعے معاشرے میں محبتِ صحابہ، محبتِ اہلِ بیت اور قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔ آمین