بلوچستان کے ضلع ژوب میں مسافر بس کے المناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اور مجاہدِ انتھک علامہ عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اندوہناک سانحہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے۔
قائدین نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ بے گناہ اور معصوم انسانی جانوں کا اس طرح ضائع ہونا انتہائی افسوسناک اور دل خراش واقعہ ہے۔ ہم اس غم کی گھڑی میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر کرے، انہیں اپنی بے پایاں رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔
انہوں نے مزید دعا کی کہ اللہ رب العزت سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے، انہیں صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم سے نوازے، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو جلد از جلد مکمل اور دائمی صحت و شفائے کاملہ عطا فرمائے۔
قائدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے اس کے اسباب سامنے لائے جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر، دیرپا اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آخر میں انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان کو ہر قسم کے حادثات، آفات اور مصائب سے محفوظ رکھے۔ آمین