امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان، قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اور مجاہدِ انتھک علامہ عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ نے لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک حادثے میں معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قائدین نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلخراش اور پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے۔ کم سن اور معصوم بچوں کا اس طرح اچانک دنیا سے رخصت ہو جانا ہر درد مند دل کو غمزدہ کر دینے والا واقعہ ہے۔ ہم اس اندوہناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین اور اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احادیثِ مبارکہ میں ملبے تلے دب کر وفات پانے والوں کے لیے شہادت کی بشارت وارد ہوئی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت اپنے فضل و کرم سے ان معصوم بچوں کو شہداء کے بلند درجات عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے اور ان کی یہ آزمائش ان کے والدین کے لیے اجرِ عظیم اور درجات کی بلندی کا ذریعہ بنائے۔
قائدین نے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام بچوں اور دیگر متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت نصیب فرمائے۔
انہوں نے حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک حادثے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے، غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، اور تمام تعلیمی اداروں و ٹیوشن سینٹرز کی عمارتوں کے حفاظتی انتظامات کا فوری جائزہ لے کر ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے المناک سانحات کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔
آخر میں قائدین نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ وطنِ عزیز پاکستان کو ہر قسم کے حادثات اور آفات سے محفوظ فرمائے۔ آمین