logo

ہمارے بارے میں

منہج سلف پر قرآن وحدیث کی تبلیغ واشاعت کی علمبردار - مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان

فالو کریں

سوشل میڈیا پر اصحابِ رسول ﷺ کی گستاخیوں کا تسلسل ناقابلِ برداشت، حکومت فوری قانونی کارروائی کرے: سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

جماعتی خبریں

سوشل میڈیا پر اصحابِ رسول ﷺ کی گستاخیوں کا تسلسل ناقابلِ برداشت، حکومت فوری قانونی کارروائی کرے: سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

featuredImage

قائدِ ملتِ سلفیہ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اصحابِ رسول ﷺ کی شان میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کا افسوسناک سلسلہ مسلسل جاری ہے، جبکہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی خاموشی انتہائی تشویشناک اور قابلِ افسوس ہے۔ بالخصوص ماہِ محرم کے دوران ایسے ناپاک اور اشتعال انگیز اقدامات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے اہلِ اسلام کے جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اصحابِ رسول ﷺ کی محبت اور احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ ان مقدس و برگزیدہ ہستیوں کی شان میں گستاخی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ متعدد مرتبہ حکومت، متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے حکام کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی، تاہم تاحال مؤثر اور قابلِ ذکر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث شرپسند عناصر کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان، وزارتِ داخلہ، متعلقہ تحقیقاتی ادارے اور سائبر کرائم سے نمٹنے والے ذمہ دار ادارے فوری طور پر ایسے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس، صفحات اور عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں جو مقدس شخصیات کی توہین اور مذہبی منافرت کو فروغ دینے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون کا بلاامتیاز نفاذ ہی ایسے مذموم جرائم کی روک تھام کا مؤثر ذریعہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے دینی جذبات کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص مقدس ہستیوں کی گستاخی کی جسارت نہ کر سکے۔

آخر میں قائدِ ملتِ سلفیہ نے تمام مکاتبِ فکر، دینی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن، اتحاد اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے جائز احتجاج اور آواز کو مؤثر انداز میں بلند کریں، جبکہ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق عطا فرمائے، ہمارے ایمان کی حفاظت فرمائے اور اصحابِ رسول ﷺ اور اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت پر ہمیشہ قائم رکھے۔ آمین