معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے،ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج بڑی قربانیاں دے رہی ہے۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر
بانی پی ٹی آئی نے قوم کے ساتھ اداروں میں بھی تقسیم پیداکی 9 مئی کے واقعات اچانک نہیں ہوگئے اس پر منصوبہ بندی سے کام کیا گیا۔
اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام مرکز راوی روڈ میں استحکام پاکستان سیمینار
15 اگست 2024
لاہور ( ) اہل حدیث یوتھ فورس سینٹرل پنجاب کے زیر اہتمام مرکز راوی روڈ میں استحکام پاکستان سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سربراہ سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بناتھا ،قیام پاکستان کی منزل نفاذ اسلام ہے اور اس کی راہ میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ ہمارے آبا و اجداد نے اس ملک کو معرض ِ وجود میں لا نے کیلئے جو جدوجہد کی ہے اسے سامنے رکھتے ہو ئے پاکستان کے استحکام کیلئے اپنی ساری قوتیں صرف کر دیں گے ۔ ہم اس موقع پر تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،مملکت خداداد پاکستان کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے،ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج بڑی قربانیاں دے رہی ہے۔ ساجد میر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کے ساتھ اداروں میں بھی تقسیم پیداکی 9 مئی کے واقعات اچانک نہیں ہوگئے اس پر منصوبہ بندی سے کام کیا گیا ، ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ صالح نوجوان دینی اقدار کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔ سیمینار سے اہل حدیث یوتھ فورس کے سیکرٹری حافظ سلمان اعظم ،رانا شفیق خان پسروری ،حافظ یونس آزاد، ڈاکٹڑ عبدالغفور راشد، حافظ قسیم، حافظ عبد الغفور جہلمی ، ڈاکٹر سمیع اللہ زبیری ، حافظ انعام الرحمن یزدانی ، حافظ عثمان ظہیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔